عید تعطیلات کے باعث وفاقی بجٹ کی تاریخ میں مزید توسیع کرنے پر غور شروع کردیا۔
حکومت نے 10 جون کو وفاقی بجٹ پیش کرنے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم اب تاریخ میں مزید توسیع کرنے پر غور شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق 7 اور 8 جون کو سرکاری تعطیلات ہوں گی، حکومت کو عید کے تیسرے دن 9 جون کو ورکنگ ڈے کا اعلان کرنا پڑے گا کیونکہ عید کے تیسرے دن اقتصادی سروے جاری کرنے کا شیڈول ہے، قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بھی 9 جون کو ہی ہوگا۔ ایک ہی دن این ای سی اجلاس اور اکنامک سروے جاری کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
این ای سی اجلاس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلی شریک ہوںگے، قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں آزاد کشمیر کے وزیر اعظم بھی شریک ہوںگے، اجلاس میں ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔ یاد رہے کہ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس اور بجٹ پیش کرنے میں روایتی طور پر دو دن کا وقفہ رکھا جاتا ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق حکومت وفاقی بجٹ پیش کرنے کی تاریخ میں 2 دن کی توسیع کر سکتی ہے، مشیر وزیرخزانہ خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ بجٹ کی تاریخ میں مزید توسیع کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
