ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی تہران میں پریس کانفرنس کررہے ہیں-(شِنہوا)
تہران(شِنہوا)ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران خطے میں یورینیم کی افزودگی کے مرکز کے آغاز کا خیرمقدم کرے گا لیکن اپنی سرزمین پر یورینیم کی افزودگی جاری رکھے گا۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے ارکان کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عراقچی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ بات چیت کے حوالے سے ایرانی فریق نے کبھی مذاکرات کی میز نہیں چھوڑی اور سفارتی راستہ جاری رکھے گا، لیکن وہ دباؤ میں آکر مذاکرات نہیں کرے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فرانس، جرمنی اور برطانیہ، جنہیں مشترکہ طور پر ای 3 کے نام سے جانا جاتا ہے، نے سنیپ بیک طریقہ کار کو متحرک کیا اور پابندیاں دوبارہ عائد کیں تو "سخت” جواب دیا جائے گا۔
حالیہ دنوں میں امریکی حکام نے بارہا مطالبہ کیا ہے کہ ایران یورینیم کی افزودگی مکمل طور پر بند کر دے جسے تہران نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
