اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلغزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 34 فلسطینی شہید

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 34 فلسطینی شہید

غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں-(شِنہوا)

غزہ(شِنہوا)غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے کہا ہے  کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں ایک صحافی اور شہری دفاع کے ایک اہلکار سمیت مزید  34 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

محمود بسال نے شِنہوا کو بتایا کہ شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ اور بیت لاہیہ میں گھروں اور اجتماعات پر اسرائیلی فضائی حملوں میں صحافی حسن ابو وردہ سمیت 10 افراد شہید ہوئے جبکہ جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں گھروں، ایک اجتماع اور ایک موٹر سائیکل پر اسرائیلی حملوں میں 14 افراد شہید ہوئے۔

وسطی غزہ میں دیر البلاح شہر میں بے گھر افراد کے خیمے پر اسرائیلی حملے میں 5 افراد شہید ہوگئے۔ محکمہ شہری دفاع کے ڈائریکٹر آپریشنز اشرف ابو نار اور ان کی اہلیہ اپنے گھر پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہوئے۔ محمود بسال نے کہا کہ نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک خیمے پر اسرائیلی حملے میں ایک حاملہ خاتون شہید ہوگئی۔

محکمہ شہری دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ غزہ شہر کے شمال میں الکرمہ محلے میں فلسطینیوں کے ایک اجتماع کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی ڈرون حملوں میں ایک شخص شہید ہوا جبکہ دوسرا شخص شہر کے مغرب میں تل الحوا محلے میں ایک گاڑی پر اسرائیلی حملے میں شہید ہوا۔

دریں اثنا ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز خان یونس میں گھروں پر اسرائیلی حملوں میں اس کے عملے کے  2 فلسطینی ارکان شہید ہوئے۔

اتوار کے روز حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈ نے کہا کہ اس کے ارکان نے ایک پیچیدہ آپریشن کے دوران ایک فوجی فورس کو نشانہ بنایا جس نے خان یونس کے مشرق میں القرارہ قصبے کے مشرق میں ایک گھر کے اندر پناہ لی ہوئی تھی۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپ کے دوران اس کی 52 ویں بٹالین کا ایک ٹینک کمانڈر شدید زخمی ہوا ہے۔

حماس کے زیر انتظام غزہ حکومت کے میڈیا آفس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں شہید صحافیوں کی تعداد 220 ہوگئی ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!