واپڈا کی جانب سے دریاؤں اور آبی وسائل کی صورتحال کی تفصیلات جاری کردی گئی۔
ترجمان واپڈا کے مطابق دریائے سندھ اور چناب میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ جہلم میں پانی کی آمد تین ہزار کیوسک کم ہو گئی۔ آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی میں 47 ہزار ایکٹر فٹ کا اضافہ ہو گیا ۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک فٹ اور منگلا ڈیم میں دو فٹ بلند ہو گئی۔
واپڈاکے مطابق جہلم میں اس وقت پانی کی آمد 43 ہزار 200 کیوسک ہے۔ دریائے سندھ میں پانی کی آمدمیں ایک ہزارکیوسک جبکہ چناب میں چار ہزار 200 کیوسک کا اضافہ ہوا ۔ دریائے سندھ میں پانی کی آمد ایک لاکھ 49 ہزار کیوسک، چناب میں 38 ہزار 100 کیوسک ہو گئی۔
چشمہ بیراج میں بھی پانی کی آمد میں 7100 کیوسک کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس وقت پانی کی آمد ایک لاکھ 82 ہزار 100 کیوسک ہے ۔ دریا کابل میں بھی پانی کی آمد میں 100 کیوسک کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 35 لاکھ 38 ہزار سے بڑھ کر 35 لاکھ 85 ہزار ایکڑ فٹ ہوگیا۔
