امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت لڑائی ختم کرانے کا کریڈٹ لے لیا۔
وائٹ ہاؤس میں جنوبی افریقی صدر سے ملاقات میں کہا تجارت کا استعمال کرتے ہوئے دونوں ملکوں کا مسئلہ حل کیا۔ امریکی صدر نے پاکستانیوں کی خوب تعریفیں بھی کیں، کہا پاکستانی بہت اچھے لوگ ہیں ان کے لیڈر بھی عظیم ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آپ دیکھیں کہ ہم نے پاکستان اور انڈیا کےساتھ کیا کیا، میں نے ان کا مسئلہ تجارت کے ذریعے حل کیا۔ ہم انڈیا اور پاکستان کے ساتھ بڑے تجارتی معاہدوں پر کام کر رہے ہیں، میں نے ان سے کہا کہ تم یہ کیا کر رہے ہو، دونوں ممالک کے درمیان معاملہ بڑھتا جا رہا تھا، ہم نے ان سے بات کی اور مسئلہ حل کیا۔
قبل ازیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے دورے پر آئے جنوبی افریقی صدر پر سفید فام اقلیت کی نسل کشی کا الزام لگادیا۔ ملاقات کے دوران اخباروں کے تراشے دکھائے اور ویڈیوز بھی چلادیں۔ جنوبی افریقی صدر نے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ طنز کرتے ہوئے کہا میں شرمندہ ہوں کہ میرے پاس جہاز نہیں ہے تحفے میں دینے کو، صدر ٹرمپ نے جواب دیا۔ کاش ہوتے تو ہمارے پاس رکھنے کیلئے کافی جگہ تھی۔
