گنی کے دارالحکومت کونا کری میں بمبیتو راؤنڈ اباؤٹ انٹرچینج مںصوبے کے تعمیراتی مقام پر عملے کا ایک رکن کام میں مصروف ہے-(شِنہوا)
کونا کری(شِنہوا)گنی کے دارالحکومت کونا کری کے وسط میں گاڑیوں کی طویل قطاروں کے درمیان ایک زرد اور سفید رنگ کا انٹرچینج اب واضح طور پر ابھرتا دکھائی دے رہا ہے۔
چین کی پاور کنسٹرکشن کارپوریشن(پاور چائنہ) کی جانب سے تعمیر کیا گیا یہ 3 منزلہ انٹرچینج مئی کے اختتام تک مکمل طور پر فعال ہونے کی توقع ہے۔ اس کی تکمیل مغربی افریقی ملک میں جدید فلائی اوورز کی تاریخی کمی کا خاتمہ کرے گی۔
بمبیتو راؤنڈ اباؤٹ انٹرچینج منصوبہ پرنس روڈ اور ٹی2 روڈ کے چوراہے پر واقع ہے۔ یہ علاقہ طویل عرصے سے کونا کری کے لئے بڑے ٹریفک جام کا مقام سمجھا جاتا تھا جہاں رش کے اوقات میں آمد و رفت انتہائی مشکل ہو جاتی تھی اور شہریوں کے لئے روزانہ سفر بڑا مسئلہ بن گیا تھا۔
بمبیتو انٹرچینج ٹریفک کے لئے کھلنے کے بعد یہ ٹریفک کے اس رُکے ہوئے بہاؤ کو موثر طور پر ختم کر دے گا۔
منصوبے کے منیجر گونگ چھیاؤ چھی نے شِنہوا کو بتایا کہ یہ انٹرچینج ایک اوور پاس، زمین کی سطح پر موجود راؤنڈ اباؤٹ اور ایک انڈر پاس پر مشتمل ہے۔ اس کا ڈیزائن شہر میں آنے اور جانے والی ٹریفک، علاقوں کے درمیان سفر اور ہوائی اڈے تک فوری رسائی کو بیک وقت مدنظر رکھتا ہے جس سے علاقے اور آس پاس کے اضلاع میں ٹریفک کی بھیڑ نمایاں طور پر کم ہوگی۔
اسی منصوبے کی ٹیم کے مقامی کارکنوں کے نگران محمد شریف دیالو نے اس منصوبے پر فخر کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بمبیتو انٹرچینج بہت شاندار ہے۔ یہ گنی کی تاریخ کی پہلی 3منزلہ نقل و حمل کی سہولت ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں گنی میں ایسے مزید چینی منصوبے دیکھنے کو ملیں گے۔
