ملتان، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد شہری آتشبازی کرکے خوشی کا اظہار کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کی حمایت اور خیرمقدم کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ دونوں ممالک جنگ بندی کو مستحکم کرکے وسعت دیں گے اور بات چیت کے ذریعے اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کریں گے۔
ترجمان لِن جیان نے بھارت اور پاکستان کے جنگ بندی پر راضی ہونے کے حوالے سے کہا ہے کہ جنگ بندی دونوں فریقوں کے بنیادی اور طویل مدتی مفادات کے عین مطابق ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لئے سازگار ہے جو بین الاقوامی برادری کی مشترکہ توقع بھی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت اور پاکستان ہمسایہ ممالک ہیں جنہیں دور نہیں کیا جاسکتا اور وہ چین کے ہمسایہ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی شروع ہوئی ہے، چین نے دونوں فریقوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا اور ان پر زور دیا کہ پرسکون رہیں اور صورتحال کو مزید خراب کرنے سے گریز کریں۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور کے دفتر کے ڈائریکٹر بھی ہیں، نے 10 مئی کو بالترتیب پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کے ساتھ فون پر بات چیت کی تاکہ صورتحال کو آسان بنانے اور جامع اور دیرپا جنگ بندی کو فروغ دیا جاسکے۔
چین توقع کرتا ہے کہ بھارت اور پاکستان جنگ بندی کو مستحکم اور وسعت دیں گے، تنازعات سے بچیں گے، بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کریں گے اور اختلافات سیاسی سطح پر حل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین بھارت اور پاکستان کے ساتھ رابطے جاری رکھنے، دونوں ممالک کے درمیان جامع اور دیرپا جنگ بندی کے حصول اور علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link