چینی صدر شی جن پھنگ فورم آف چائنہ اور لاطینی امریکہ اور کیریبین ریاستوں کی کمیونٹی(چین-سیلاک فورم) کے تیسرے وزارتی اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ 13 مئی کو بیجنگ میں منعقد ہونے والے چین-سیلاک (لاطینی امریکہ اور کیریبین ریاستوں کی کمیونٹی) فورم کے چوتھے وزارتی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت اور خطاب کریں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق چین اور سیلاک کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت یہ اجلاس 13 مئی کو بیجنگ میں منعقد ہوگا جس کی صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ یی کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ سیلاک کے ممالک کے وزرائے خارجہ یا ان کے نمائندے اور متعلقہ علاقائی تنظیموں کے سربراہان اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس اجلاس کے حوالے سے پریس بریفنگ میں چینی نائب وزیر خارجہ میاؤ دے یو نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ افتتاحی تقریب میں شرکت اور اہم خطاب کریں گے جس میں وہ ایل اے سی(چین-لاطینی امریکہ اور کیریبین) تعلقات کی ترقی کا جائزہ لیں گے۔ وہ باہمی مستقبل کے حامل چین-ایل اے سی کمیونٹی کے بھرپور مفہوم، کامیابیوں اور وسیع امکانات کو اجاگر کریں گے اور تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے نئی تجاویز اور اقدامات پیش کریں گے۔ اس سے وہ چین-ایل اے سی تعلقات کی مستقل اور طویل مدتی ترقی کے لئے رہنمائی اور نئی تحریک فراہم کریں گے۔
میاؤ نے کہا کہ اجلاس کے دوران ٹیکنالوجی پر مبنی جدت، اقتصادی و تجارتی سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت، مالیات، بنیادی ڈھانچے، زراعت اور تحفظ خوراک، صنعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی و معدنیات اور بیلٹ اینڈ روڈ تعاون جیسے شعبوں میں تعاون سے متعلق متعدد اعلامیے منظور کئے جانے کی توقع ہے۔ اس سے امن، ترقی اور تعاون کے لئے دونوں فریقوں کا پختہ عزم ظاہر ہوتا ہے۔
میاؤ نے کہا کہ رواں سال چین-سیلاک فورم کے باضابطہ آغاز کی 10ویں سالگرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوتھے وزارتی اجلاس کا انعقاد دونوں فریقوں کی جانب سے ماضی کا جائزہ لینے، تعاون پر تبادلہ خیال کرنے اور مشترکہ مستقبل کی طرف بڑھنے کے لئے متفقہ اہم قدم ہے۔
میاؤ نے کہا کہ چین-ایل اے سی تعاون میں یہ اجلاس نہایت اہمیت کا حامل ہے جو ایک واضح پیغام دے گا کہ چین اور سیلاک ممالک عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے یکجہتی سے کام کر رہے ہیں۔
