اتوار, جولائی 27, 2025
پاکستان’ دشمن کیساتھ وہی کیا جو باوقار قوم کو زیب دیتا ہے...

’ دشمن کیساتھ وہی کیا جو باوقار قوم کو زیب دیتا ہے ‘، وزیر اعظم کی بھارت کیخلاف فتح پر قوم کو مبارکباد

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے، یہ افواج کے ساتھ ساتھ پوری قوم کی فتح ہے۔

قوم سے اپنے حالیہ خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے آپریشن بنیان مرصوص کی نسبت سے سورہ کی تلاوت اور اس کے ترجمہ سے خطاب کا آغاز کیا اور کہا کہ میرے محب وطن ، غیور اور باوقار پاکستانیوں میں آج آپ کو دل کی گہرائیوں سے سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستانی خودار قوم ہے، ہماری خوداری ہمیں جان سے عزیز ہے، کوئی ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے تو ہم سیسہ پلائی دیوار بن جاتے ہیں اور کلمہ کا ورد کرتے ہوئے دشمن پر غالب آتے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ دشمن نے جو کیا وہ شرمناک عمل تھا جس کا ہماری دلیر اور بہادر افواج نے بھرپور جواب دیا اور عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب رقم کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پہلگام واقعہ کو بہانہ کر بھارت نے ہم پر بلاجواز جنگ مسلط کی ، ہم نے بلاتاخیر تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت کے بے بنیاد الزامات پر تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن اس نے اپنے گھمنڈ میں ہماری سرحدوں کو پامال کرنے کی ناکام کوشش کی اور میزائلوں سے مصعوم جانوں، مساجد اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن نے فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی جس پر ہم نے فیصلہ کیا کہ اسے اسی زبان میں جواب دیا جائے جسے وہ اچھی طرح سمجھتا ہے اور ہم نے اسے واضح کر دیا کہ جو ملاقات میز پر ہونا تھی وہ اب میدان جنگ میں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سجیلے جوان ، جنہیں مائیں سجدوں میں مانگ کر وطن پر قربان کرنے کے لئے جوان کرتی ہیں، ان بہادوں کا مقابلہ کون کر سکتا ہے،  ان شاہینوں نے چند گھنٹوں میں بھارتی فوج کی توپوں کو ایسا خاموش کیا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، ان کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے اور اللہ کے فضل سے فیل ہوگئے، ہماری یہ کارروائی اس بوسیدہ نظریے کے خلاف تھی جو انسان دشمنی، جارحیت ، مذہبی جنون اور تعصب پر قائم ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار کو زیب دیتا ہے، یہ افواج کے ساتھ ساتھ پوری قوم کی فتح ہے،  افواج پاکستان کے جوانوں کا لہو دشمن کے ناپاک عزائم سے کھول اٹھتا ہے، بھارت کے ائیربیسز  دیکھتے دیکھتےکھنڈرات بن گئے، پاکستان کو اصولوں کی بنیاد پر فتح حاصل ہوئی ہے ، یہ عظیم لمحہ شکر ہے جس کے لیئے عوام نے اپنے شیروں اور شاہینوں پر اپنی محبت کے پھول برسائے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ پاکستان کی افواج کی فتح کے لئے تہجد کے وقت سجدہ ریز رہے، دن رات دعائیں کی جس کے نتیجے میں اللہ نے کامیابی عطاء کی، میں اس تاریخی کامیابی پر چیئرمین چیف جوائنٹ آف اسٹاف ، سپہ سالار بری فوج، ایئر چیف مارشل، نیول چیف ، اپنے ہر جری جوان اور ہر افسر کو اپنی اور قوم کی طرف سے خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں۔

 |  + posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!