ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان جنگ بندی کے معاہدے پر مخلصانہ عملدرآمد کے لیے پُرعزم ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی خارجہ سیکرٹری کے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے متعلق بیان سے متعلق میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جنگ بندی پر مؤثر عملدرآمد سے متعلق کسی بھی مسئلے کو مناسب سطح پر رابطے کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ زمینی سطح پر تعینات افواج کو بھی تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ اگرچہ بعض علاقوں میں بھارت کی جانب سے خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، لیکن ہماری افواج ذمہ داری اور ضبط و تحمل کے ساتھ صورتحال کو سنبھال رہی ہیں۔
قبل ازیں ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے پاک بھارت جنگ بندی کو درست تناظر میں دیکھنا ضروری ہے۔ بھارت نے پاکستان کیخلاف جارحیت کرتے ہوئے براہموس میزائل داغے جبکہ پاکستان نےاقوام متحدہ کے آرٹیکل اکیاون کے تحت اپنا دفاع کیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا بھارت نے سات سے دس مئی تک پاکستان پر کئی حملے کئے ۔ جن میں خواتین ، بچوں سمیت معصوم جانیں ضائع ہوئیں ۔ عبادت گاہوں اورانفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔ بھارت نے وفاقی دارالحکومت سمیت کئی علاقوں پر قاتل ڈرونز بھیجے۔
بیان کے مطابق عوام کے دباؤ پر پاکستان کو فوری اقدام اٹھانا پڑا۔ آپریشن بُنیان مرصوص درست ، محدود اور متوازن تھا ۔ جس میں صرف ان بھارتی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے جارحیت ہوئی ۔ پاکستان نے شہری ہلاکتوں سے گریز کیا ۔
