چین کے شمال مشرقی صوبے حئی لونگ جیانگ میں ایک اسٹیل فیکٹری میں ایک محنت کش کام کررہاہے۔(شِنہوا)
ہرارے (شِنہوا) زمبابوے میں چین کی سرمایہ کاری سے قائم ڈنسن آئرن اینڈ اسٹیل کمپنی (ڈی آئی ایس سی او) کی جانب سے اسٹیل کی پیداوار میں اضافہ ہوا جس سے زمبابوے میں لوہے اور اسٹیل کی صنعت بحال ہو رہی ہے۔
زمبابوے افریقن نیشنل یونین-پیٹریاٹک فرنٹ کے سیاسی ادارے کے رکن اور سیکرٹری اطلاعات و تشہیر کرسٹوفر متسوانگوا نے زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے پاس زمبابوے سے اسٹیل کی برآمد کی شکل میں ایک نئی پیداوار موجود ہے۔اس سے زمبابوے کے اسٹیل فیبریکیشن کے ذیلی شعبے کی بحالی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
چین کے چھنگ شان ہولڈنگ گروپ کے ذیلی ادارے ڈی آئی ایس سی او نے گزشتہ برس خام لوہے کی پیداوار شروع کی تھی جس کے بعد اسٹیل بلٹس اور اب اسٹیل بارز تیار ہو رہی ہیں ۔
توقع ہے کہ کمپنی بولٹ، نٹ اور دیگر اسٹیل مصنوعات کی پیداوار بھی شروع کرے گی۔
متسوانگوا نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں وسعت آ رہی ہے اور مختلف نوعیت کی مصنوعات میں اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی سطح پراسٹیل کی پیداوار زمبابوے کے دوسرے سب سے بڑے شہر بلاوائیو میں بھاری اسٹیل صنعت کی بحالی میں مدد دے گی جو مقامی اسٹیل شعبے کے زوال کے سبب بری طرح متاثر ہوئی تھی۔
