پیر, جولائی 28, 2025
پاکستانپاکستان پربھارتی حملے اورسرحدی جھڑپوں میں 31 پاکستانی شہری شہید، 57 زخمی...

پاکستان پربھارتی حملے اورسرحدی جھڑپوں میں 31 پاکستانی شہری شہید، 57 زخمی ہوئے،حکام

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں شہری بھارتی میزائل حملے سے تباہ ہونے والی عمارت کامعائنہ کررہے ہیں-(شِنہوا)

اسلام آباد(شِنہوا)پاک فوج کے شعبہ ابلاغ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کشمیر کو تقسیم کرنے والی کنٹرول لائن (ایل او سی) پر پاکستانی اور بھارتی فوجیوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے اور پاکستانی علاقے میں بھارتی حملے میں 31 افراد شہید اور 57 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے منگل کی رات اور بدھ کی علی الصبح پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور مشرقی صوبے پنجاب میں گھروں اور مساجد پر حملوں کے بعد بدھ کو دن بھر سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے لائن آف کنٹرول کے پار ایک بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز، ایک بٹالین ہیڈکوارٹرز اور متعدد فوجی چوکیوں کو نشانہ بنا کر موثر جواب دیا اور پاکستان کے پنجاب اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے درمیان ورکنگ باؤنڈری پر دن بھر جاری رہنے والی فائرنگ کا تبادلہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بھارتی لڑاکا طیاروں نے پاکستانی حدود میں 6 مقامات کو نشانہ بنایا تاہم پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 5 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ پاک فوج نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے 7 بھارتی جاسوس اور لڑاکا ڈرونز کو مار گرایا اور مزید 2 کو قبضے میں لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اچھی طرح سے تیار تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پاک فضائیہ کے حملوں میں پاکستان کے کسی طیارے یا اثاثہ کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر دہشت گرد کیمپوں کا الزام لگایا تھا لیکن جب پاکستان نے مقامی اور غیر ملکی میڈیا کو مبینہ مقامات کا معائنہ کرنے کی دعوت دی تو بھارت نے رات کے وقت ان مقامات پر اچانک حملہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی مرضی کے وقت اپنے دفاع میں جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن کی خواہش کو  ملک کی کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہئے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ اگرچہ پاکستان علاقائی استحکام کا خواہاں ہے لیکن اگر اشتعال انگیزی کی گئی تو فیصلہ کن کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچائے گا۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!