ترکیہ کے علاقے انطالیہ میں سیاح قدیم شہر سائید کا دورہ کررہے ہیں-(شِنہوا)
استنبول(شِنہوا)ترکیہ کے وزیر ثقافت و سیاحت محمد نوری ارسوئے نے کہا ہے کہ ترکیہ متنوع تجربات پیش کرکے اپنی سیاحت کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور اس سال کے آخر تک 10 لاکھ چینی سیاحوں کو راغب کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
شِنہوا کے ساتھ ایک تحریری انٹرویو میں وزیر نے کہاکہ ہم سیاحت کے شعبے میں بیک وقت بہت سے اقدامات پر کام کر رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہمارے چینی مہمان ہمارے ملک کی خوبصورتی کا تجربہ کرسکیں، گھر جیسا محسوس کرسکیں اور ہم ہرسال زیادہ سے زیادہ چینی مہمانوں کی میزبانی کرسکیں۔
وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق ترکیہ نے حالیہ برسوں میں چینی سیاحوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا ہے۔ 2024 میں تقریباً 4 لاکھ 10ہزارچینی سیاحوں نے ملک کا دورہ کیا جو پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً 65 فیصد اضافہ ہے۔
وزیر نے نشاندہی کی کہ ترکیہ چینی سیاحوں کی بہتر خدمت کے لئے چینی زبان میں معاونت فراہم کرنے سمیت اپنی بنیادی شہری سہولتوں کو بہتر بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ استنبول ہوائی اڈہ، جو ہمارے چینی سیاحوں کے لئے داخلہ مرکز ہے، چین دوست سند رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ ہم ٹورازم ووکیشنل سکولوں میں چینی زبان کے کورسز پیش کرنے اور چینی بولنے والے ٹور گائیڈز کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ترکیہ کے کل 21 مقامات یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل ہیں۔ وزیرسیاحت کے مطابق یہ تاریخی مقامات جو عظیم تہذیبوں کی وراثت رکھتے ہیں، چینی سیاحوں کو واقعی ایک منفرد اور ناقابل فراموش ثقافتی تجربہ فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ترکیہ میں مزید چینی دوستوں کو خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔ امید ہے کہ وہ ذاتی طور پر ملک کی امیر ثقافت اور مشہور مہمان نوازی کا تجربہ کرسکیں گے۔
