اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں سلامتی کونسل چیمبر کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں-(شِنہوا)
اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے بارے میں کہا ہے کہ کوئی غلطی نہ کریں، فوجی حل کوئی حل نہیں ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی گزشتہ کئی برسوں میں اپنی بلند ترین سطح پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔
انتونیو گوتریس نے ایک بار پھر 22 اپریل کو پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانا قابل قبول نہیں اور ذمہ داروں کو قانونی طریقوں سے انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے زور دے کر کہا کہ خاص طور پر اس نازک وقت میں فوجی محاذ آرائی سے بچنا ضروری ہے جو آسانی سے قابو سے باہر ہوسکتی ہے اور اب وقت ہے کہ زیادہ سے زیادہ تحمل کامظاہرہ کیا جائے اور تباہی کے دہانے سے پیچھے ہٹاجائے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ دونوں ممالک کے ساتھ میری جاری بات چیت میں میرا یہی پیغام رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ایک بار پھر امن کے فروغ کے لئے بھارت اور پاکستان دونوں کو اپنی مصالحتی خدمات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کسی بھی ایسی کوشش کی حمایت کے لئے تیار ہے جو کشیدگی میں کمی، سفارت کاری اور امن کے لئے نئے عزم کو فروغ دے۔
