ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی تہران میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں-(شِنہوا)
تہران(شِنہوا)ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران اور یورپی یونین (ای یو) نے اپنے اختلافات اور باہمی خدشات پر سیاسی بات چیت کرنےپر آمادگی ظاہر کی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالس نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت کے ساتھ ساتھ تہران اور واشنگٹن کے درمیان بالواسطہ جوہری مذاکرات کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے "پرامن جوہری پروگرام” کے بارے میں "من گھڑت خدشات” کو دور کرنے کے لئے سفارتکاری کا انتخاب کرنے کے ایران کے "ذمہ دارانہ” نکتہ نظر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سفارتکاری کو آگے بڑھانے کے لئے دوسرے فریق کی سنجیدگی اور حقیقت پسندی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ کی تشویش صرف ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے امکان سے متعلق ہے تو اس معاملے پر کسی معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ اس کے لئے "غیر حقیقی اور غیر منطقی” موقف سے گریز کرنے کی ضرورت ہوگی۔
انہوں نے باہمی سلامتی کے خدشات پر یورپی یونین کے ساتھ سیاسی مذاکرات کے لئے ایران کی آمادگی کا بھی اظہار کیا۔
اس موقع پر کاجا کالس نے ایران کے ساتھ سیاسی مذاکرات کے لئے یورپی یونین کی آمادگی کا اظہار کیا اور موجودہ خدشات پر تہران کے ساتھ خیالات کے تبادلے کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فریقین کے نمائندے دوطرفہ مذاکرات شروع کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے اور اس مقصد کے لئے ماحول سازگار بنائیں گے۔
