چین کے شمالی اندرونی منگولیا خود مختار علاقے میں ڈونگ فینگ لینڈنگ سائٹ پر خلاباز گوئی ہائی چھاؤ انسان بردار خلائی جہاز شین ژو-16 کی واپسی پر کیپسول سے باہر آرہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین میں سائنس وٹیکنالوجی کی پیشہ ورشخصیات چائنہ یوتھ مئی فورتھ میڈل 2025 کے فاتحین میں نمایاں رہیں۔
ملک کے نمایاں نوجوانوں کو دیا جانے والا اعلیٰ ترین اعزاز حاصل کرنے والے 30 افراد میں سے تقریباً ایک درجن سائنسدان اور انجینئرز، جن میں خلابازوں سے لے کر روبوٹکس سٹارٹ اپس کے بانی شامل ہیں، توجہ کا مرکز بنے۔
شین ژو-16 مشن کے 2 خلاباز ژو یانگ ژو اور گوئی ہائی چاؤ، جو 154 دن مدار میں رہے، کو نوجوانوں کے لئے ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا۔ ژو نے خلائی انجینئر کے طور پر مشن کی خدمت کی اور گوئی نے پے لوڈ ماہر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
ہانگ ژو میں قائم یونی ٹری ٹیکنالوجی اور شین زین میں قائم لی جو روبوٹکس کے بانیوں وانگ شنگ شنگ اور لینگ شیاؤکون کا انتخاب گزشتہ سال کے دوران ملک کی انسان نما روبوٹکس کی صنعت کی تیزی سے ترقی کو اجاگر کرتا ہے۔
جدید سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی، فرنٹیئر فزکس اور مٹی کے تحفظ کے بین الاقوامی تعاون میں مہارت رکھنے والے محققین کو بھی شامل کیا گیا۔
مزید 30 ٹیموں کو اجتماعی اعزازات سے نوازا گیا جن میں چانگ ای-6 قمری مشن کے انجینئرز، چین کے دوبارہ قابل استعمال تجرباتی خلائی جہاز کے ڈویلپرز، سمندری راکٹ لانچ اور ریکوری سسٹمز کے ماہرین، مشینی آلات کے ڈیزائن میں جدت لانے والے اور 2024 کے مقبول ویڈیو گیم "بلیک میتھ: وُو کانگ” کے ڈیجیٹل ڈیزائنرز شامل تھے۔
چائنہ یوتھ مئی فورتھ میڈلز 1997 سے دیئے جا رہے ہیں۔ کمیونسٹ یوتھ لیگ کی مرکزی کمیٹی اور آل چائنہ یوتھ فیڈریشن کی جانب سے پیش کئے جانے والے یہ تمغے زندگی کے تمام شعبوں اور ملک کے کونے کونے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو دیا جانے والا سب سے بڑا اعزاز ہے۔
