افغان مہاجرین طورخم سرحدی گزرگاہ پر چین کے عطیہ کردہ خیمے کے سامنے بیٹھے ہوئے ہیں۔(شِنہوا)
کابل(شِنہوا)افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں حال ہی میں ہمسایہ ملک پاکستان سے واپس آنے والے سینکڑوں افغان مہاجرین کو چین کی جانب سے عطیہ کردہ خیموں میں عارضی پناہ فراہم کی گئی ہے۔
افغان ہلال احمر سوسائٹی کے صوبائی ڈائریکٹر مولوی محمد شعیب حقانی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں تختہ پل ضلع میں پاکستان سے واپس آنے والے 100 خاندانوں کو ٹھہرانے کے لئے چین کے عطیہ کردہ 100 خیمے نصب کئے گئے ہیں۔ اگر ضرورت پڑی تو ان کا دفترمزید 150 خیمے لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
مولوی حقانی نے ضرورت مند خاندانوں کی مدد کے لئے انسانی امداد بھیجنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔
اطلاعات کے مطابق ایران اور پاکستان سے تقریباً 20 لاکھ افغان مہاجرین اپنے وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔ دونوں ممالک نے غیر دستاویزی غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ وہ غیر قانونی قیام ختم کر کے واپس چلے جائیں۔
صرف اپریل کے مہینے میں تقریباً ایک لاکھ افغان مہاجرین وطن واپس لوٹے۔
چین نے گزشتہ چند سالوں کے دوران جنگ سے متاثرہ افغانستان کو مختلف اقسام کی امداد فراہم کی ہے جن میں ادویات، گرم کپڑے، کمبل اور خوراک شامل ہیں۔
