چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر شینگ ژو میں امریکی خطے سے تعلق رکھنے والے ڈیلر بی وائے ڈی امریکاز ڈیلر 2025 کانفرنس میں شریک ہیں-(شِنہوا)
ہانگ ژو(شِنہوا)چین کی الیکٹرک گاڑیوں(ای وی) کی سرکردہ کار ساز کمپنی بی وائے ڈی کے لئے کام کرنے والے یوروگوئے کے آٹو ڈیلر سینٹیاگو گویلفی اپنے ملک کی سڑکوں پر بی وائے ڈی کی جدید اور دلکش گاڑیوں کو دوڑتے دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے۔
یوروگوئے کی آٹو مارکیٹ میں 7 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے فعال کار کمپنی صدر کے سی ای او کے طور پر گویلفی نے چین کی نئی توانائی والی گاڑیوں(این ای وی)کے شعبے کے امکانات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور اس میدان میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کی امید ظاہر کی۔
گویلفی امریکی ممالک سے آئے تقریباً 200 ڈیلرز میں شامل تھے جنہوں نے چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر شینگ ژو میں منعقدہ بی وائے ڈی امریکاز ڈیلر کانفرنس 2025 میں شرکت کی۔
28 اپریل تک جاری رہنے والے اس 5 روزہ ایونٹ میں شرکاء نے ٹیسٹ ڈرائیوز، گاڑیوں کی نمائش اور کاروباری ملاقاتوں میں حصہ لیا اور چین کی متحرک نئی توانائی والی گاڑیوں کی صنعت کا قریبی مشاہدہ کیا۔
بی وائے ڈی اور گویلفی کی کمپنی کی شراکت داری 2009 میں شروع ہوئی جب انہوں نے پہلے ڈسٹری بیوشن معاہدے پر دستخط کئے۔ اُس وقت سے اب تک گویلفی نے یوروگوئے کی آٹو مارکیٹ میں بی وائے ڈی کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور اثر و رسوخ کو خود دیکھا ہے۔
برازیل بھی بی وائی ڈی کے لئے ابھرتی ہوئی بڑی مارکیٹ بن کر سامنے آیا ہے جہاں 2024 میں 76 ہزار 700 گاڑیاں فروخت ہوئیں جو سالانہ 328 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ گزشتہ سال بی وائے ڈی کی بیرون ملک فروخت 4 لاکھ 17 ہزار 200 گاڑیوں تک پہنچ گئی۔
اب تک بی وائے ڈی کی نئی توانائی والی گاڑیاں دنیا کے 100 سے زائد ممالک اور خطوں کے 400 سے زائد شہروں تک پہنچ چکی ہیں۔ 2025 کی پہلی سہ ماہی میں برازیل میں خالص برقی گاڑیوں کی فروخت اور کولمبیا میں پلگ ان ہائبرڈ گاڑیوں کی فروخت میں بی وائے ڈی سرفہرست رہا۔
