وفاقی وزیرداخلہ نے سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمان اور جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان سے اہم ملاقاتیں کیں، محسن نقوی نے دونوں رہنماؤں کو بھارت کے یکطرفہ اقدامات پر پاکستان کے اصولی موقف پراعتماد میں لیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی لاہور میں جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور امیرجماعت حافظ نعیم الرحمان سے ملاقاتیں کیں۔ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان کو نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا مودی مسلمان دشمن ہے۔ اسلام کے مقابلے میں جہاں کوئی محاذ ملے گا مودی وہاں کھڑا ہوجائے گا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش کررہا ہے۔پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دیگا
وفاقی وزیرداخلہ نے منصورہ لاہورمیں حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی اورسرحدوں کی صورتحال پرنیشنل سیکورٹی کونسل کے فیصلوں اور پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے بھارت کےغیرمنطقی اقدامات کے تناظر میں پاکستان کے اصولی موقف کی تائید کی۔انہوں نے کہا بھارت کے معاملے پر پوری قوم یکجا ہے۔ لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کو قتل کرنے والی بھارتی سرکارہوش کے ناخن لے۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ جان بوجھ کر سازش کے ذریعے بھارت خطے کا امن تباہ کرنے کے درپے ہے پاکستان کی بہادر مسلح افواج دفاع وطن کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔
