چین کے ایف اے ڈبلیو گروپ کمپنی لمیٹڈ نے بدھ کے روز مستقبل کی نقل و حمل کی طرف ایک قدم مزید آگےبڑھاتے ہوئے ’’ ہونگ چی‘‘ برانڈ کے تحت اپنی پہلی فلائنگ کار متعارف کرائی ہے۔
کار بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ گاڑی کی پرواز کی حد 200 کلومیٹر سے زیادہ ہے اور یہ اپنی پہلی آزمائشی پرواز رواں سال کے آخر میں کرے گی۔ کمپنی کا صدر دفتر چین کے شمال مشرقی صوبہ جیلِن میں واقع ہے۔
گاڑی میں ایک سمارٹ کاک پٹ سسٹم نصب ہے جو سمعی و بصری اشاروں کے ذریعے ڈرائیور کو لمحہ بہ لمحہ معلومات فراہم کرتا ہے۔ اس سے گاڑی کی آپریشنل پیچیدگیاں دور کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔
ایف اے ڈبلیو کمپنی کا کہنا ہے کہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے گاڑی کی تیاری اور ڈیزائن میں صنعت کے اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات کو اپنایا گیا ہے۔
چینی زبان میں ’’ہونگ چی‘‘ کا مطلب ہے ’’سرخ پرچم‘‘۔ یہ ایک مشہور اور تاریخی کار برانڈ ہے جس کا آغاز سال 1958 میں ہوا تھا۔ یہ برانڈ اس وقت 18 ماڈلز فروخت کر رہا ہے جن میں پٹرول سے چلنے والی گاڑیاں، مکمل برقی گاڑیاں، پلگ ان ہائبرڈ گاڑیاں اور طویل فاصلے تک چلنے والی برقی گاڑیاں شامل ہیں۔
سال 2024 میں ہونگ چی نے 411777 گاڑیاں فروخت کی تھیں جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 17.4 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ مسلسل ساتواں سال ہے کہ برانڈ کی فروخت میں اضافہ ہو رہاہے۔
چھانگ چھون، چین سے نمائندہ شِنہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link