چین کے جنوب میں ہانگ کانگ-ژو ہائی۔ مکاؤ پل کا منظر-(شِنہوا)
گوانگ ژو(شِنہوا)ہانگ کانگ-ژوہائی-مکاؤ پل کے ژوہائی لینڈ پورٹ سے غیر ملکی مسافروں کی آمد و رفت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 70 فیصد کا زبردست اضافہ ہوا ہے اور اتوار تک اس عظیم الشان پل کے ذریعے بین الاقوامی مسافروں نے ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد سفر کئے۔
اعدادوشمار میں یہ اضافہ چین کی ویزا فری پالیسیوں میں توسیع کی مرہون منت ہے جبکہ ژوہائی لینڈ پورٹ چینی مین لینڈ پر واحد زمینی بندرگاہ ہے جو ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک براہ راست سڑک کے ذریعے رسائی فراہم کرتی ہے۔
اتوار تک پل کے ذریعے مسافروں کے مجموعی سفر کی تعداد 2024 کی نسبت 25 دن قبل ہی سنگ میل عبور کرتے ہوئے گزشتہ سال سے 18.9 فیصد بڑھ کر ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی۔
پل کے سرحدی انسپکشن سٹیشن کے مطابق مین لینڈ کے رہائشیوں کی جانب سے اس پل کے ذریعے کئے گئے سفر 30.3 فیصد بڑھ کر 41 لاکھ 80 ہزار تک جا پہنچے جبکہ ہانگ کانگ اور مکاؤ میں رجسٹرڈ گاڑیوں کے ذریعے ژوہائی لینڈ پورٹ سے کئے جانے والے سرحد پار سفر 32.4 فیصد اضافے سے اب تک تقریباً 12 لاکھ تک پہنچ گئے ہیں اور یومیہ اوسط 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
یہ 55 کلومیٹر طویل پل چین کے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے(ایس اے آر)، گوانگ ڈونگ صوبے کے شہر ژوہائی اور مکاؤ ایس اے آر کو منسلک کرتا ہے۔ یہ دنیا کا سب سے طویل پل اور سرنگ پر مشتمل سمندری راستہ ہے۔
