امریکہ کے واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کی عمارت کا بیرونی منظر۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چین نے امریکہ کی جانب سے فینٹانائل کی آڑ میں چین پر اضافی محصولات عائد کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غنڈہ گردی کا روایتی اقدام قرار دیا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیا کُن نے میڈیا کی ان اطلاعات پر ردعمل دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ امریکہ چین پر فینٹانائل کے معاملے پر ٹھوس اقدامات کے لئے دباؤ ڈالنے کی خاطر مزید سخت اقدامات کرسکتا ہے۔
گو نے کہا کہ فینٹانائل کا مسئلہ چین نہیں بلکہ امریکہ کا مسئلہ ہے اور اس کی اصل ذمہ داری بھی امریکہ پر ہی عائد ہوتی ہے۔
گو نے مزید کہا کہ امریکہ نے چین کی نیک نیتی کو نظر انداز کرتے ہوئے بلا جواز اضافی محصولات عائد کئے جس سے انسداد منشیات کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان مکالمے اور تعاون کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ امریکہ کو سمجھنا چاہئے کہ غلیظ مہمات اور حملے اس کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکامی کو نہیں چھپا سکتے، نیکی کا جواب دشمنی سے دینا مسئلے کے حل میں مددگار نہیں ہوگا اور دباؤ اور دھمکیاں چین کے ساتھ تعامل کا درست طریقہ ہرگز نہیں ہیں۔
