چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خود مختار علاقے کے اکسو کی کاؤنٹی اوات کے ایک کھیت میں کپاس چننے والی مشین کام کررہی ہے۔(شِنہوا)
ارمچی (شِنہوا) چین کے شمال مغربی سنکیانگ میں اپریل کپاس کی بوائی کا موسم ہے تاہم خزاں کی فصل کی تیاری کے لئے مقامی فیکٹریوں میں کپاس چننے والی مشینوں کی پیداوار پہلے ہی پوری رفتار سے جاری ہے۔
ان میں چائنہ ریلوے کنسٹرکشن ہیوی انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ (سی آرسی ایچ آئی )کی سنکیانگ شاخ بھی شامل ہےجسے گزشتہ 2 برس کے دوران بیرون ملک سےملنے والے آرڈرز میں اضافہ ہوا ہے۔
ہمسایہ وسطی ایشیائی منڈیوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کمپنی نے 2024 میں ڈیزل-الیکٹرک کپاس چننے والی مشین متعارف کرائی تھی۔
سی آرسی ایچ آئی سنکیانگ شاخ کے ایک سینئر انجینئر ژانگ روچھوان نے کہا کہ ہمارا نیا ماڈل قطاروں کے درمیان فاصلے سے متعلق وسطی ایشیائی صارفین کی ضروریات کو پورا کرتا اور ماحول دوست توانائی کی سمت عالمی رجحان سے مطابقت رکھتا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ رواں سال ادارے کی بیرون ملک فروخت میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔
خطے میں مقامی اداروں کا عروج حالیہ عرصے کی بات ہے کیونکہ امریکی ساختہ کپاس چننےوالی مشینوں نے طویل عرصے تک سنکیانگ کی کپاس کی مشینی کاشت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ یہ تبدیلی اس وقت آئی جب ٹیکنالوجی کی بندش اور جبری مشقت کے الزامات نے سنکیانگ کو اختراع میں تیزی لانے اور زرعی مشینری میں اپنا مقام بنانے کی جانب راغب کیا۔
ارمچی کسٹمز کے اعداد و شمار کے مطابق اس خطے سے کپاس چننے والی مشینوں کی برآمدات 2022 میں 44 یونٹس سے بڑھ کر 2024 میں 223 یونٹس تک پہنچ چکی تھی اور رواں سال کے ابتدائی 2 ماہ میں برآمدی تعداد میں گزشتہ برس کی نسبت 350 فیصد اضافہ ہوا ۔
یہ برآمدات وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ساتھ ترکیہ، مصر اور بھارت کو کی گئی ہیں ۔
