چین کے شمالی صوبےشنشی کے شہر تائی یوآن کے وو یی گوانگ چھانگ اسٹیشن پر ایک لڑکی اور اس کا خاندان ٹرین میں سوار ہورہا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین میں جاری اقتصادی بحالی کے سبب رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مسافر دوروں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔
وزارت نقل و حمل کے مطابق ابتدائی 3 ماہ میں ملک بھر میں مجموعی طور پر 17.39 ارب بین العلا قائی مسافر دورے ہوئے جو ایک برس قبل کی نسبت 4 فیصد زائد ہے۔ خاص طور پر40 روزہ بہار تہوار کے سفری رش چھون یون نے اس اضافے میں نمایاں کردار ادا کیا جس میں 9.02 ارب دورے ہوئے جو ریکارڈ بلند سطح تھی۔
جنوری سے مارچ کے عرصے میں شاہراہوں سے مسافروں کی نقل و حرکت کو غلبہ حاصل رہا جو 16.07 ارب مسافر دوروں پر مشتمل تھا جبکہ ریلوے اور فضائی راستے سے بالترتیب 1.07 ارب اور 19کروڑمسافر دورے ہوئے۔
وزارت کو توقع ہے کہ یہ رفتار یکم مئی سے شروع ہونے والی آمدہ 5 روزہ یوم مزدور کی تعطیلات میں بھی جاری رہے گی۔یومیہ ہائی وے ٹریفک کا حجم اوسطاً 6 کروڑ 20 لاکھ گاڑیوں تک پہنچے گا جس میں سب سے زیادہ رش پہلے روز ہونے کا امکان ہے۔
مسافر شعبے کے علاوہ مال برداری میں بھی مضبوط ترقی ہوئی ۔ پہلی سہ ماہی میں 13.06 ارب ٹن تجارتی مال برداری ہوئی جو 2024 کی اسی مدت کے مقابلے میں 4.9 فیصد زائد ہے۔ ایکسپریس ترسیل میں 21.6 فیصد اضافہ ہوا اور پارسلز کی تعداد 45.14 ارب تک پہنچ گئی ۔
بندرگاہوں پر سامان کی نقل و حمل میں 3.2 فیصد اضافہ ہو ا جو کہ مجموعی طور پر 4.22 ارب ٹن رہی ۔
