بلوچستان کے علاقے مستونگ میں نامعلوم افراد کی جانب سے پولیو ٹیم پر حملے میں دو لیویز اہلکار شہید ہوگئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق حملے میں ایک اہلکار نیک محمد موقع پر شہید ہوگئے جبکہ مقصود احمد اسپتال میں دم توڑ گئے۔ دونوں اہلکار پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامور تھے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ حملے کے بعد ضلع میں پولیو مہم معطل ہوگئی۔ اے ڈی سی منان ترین کا کہنا ہے کہ پولیو مہم غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کی گئی ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ افسوسناک واقعہ میں 2 لیویز اہلکاروں کی شہادت کی اطلاعات ہیں، واقعہ کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے، صوبائی حکومت انسداد پولیو مہم کو کسی صورت سبوتاژ ہونے نہیں دے گی۔ صوبہ بھر میں انسداد پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کو مزید بہتر کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں پیر سے 7 روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے، جس کے دوران کروڑوں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
