چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے لائی ژو شہر کے پانیوں میں عملہ ایک آف شور ونڈ ٹربائن نصب کررہا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین کےمشرقی صوبے جیانگسو میں دیو قامت 16.2 میگاواٹ کا زمینی ونڈ ٹربائن کامیابی سے نصب کر دی گئی ہے۔ یہ سب سے بڑا سنگل یونٹ آن شور ونڈ پاور جنریٹر ہے جو زائد گنجائش کے ساتھ صاف توانائی کی ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیشرفت کو ظاہر کرتا ہے۔
اسے تیار کرنے ولے ادارے چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن لمیٹڈ ( سی آر سی سی) نے کہا ہے کہ موجودہ دستیاب معیاری ماڈلز کے مقابلے میں اس یونٹ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 3.2 گنا بڑھا دی گئی ہے،اس سے اعلیٰ معیار کے ہوا سے حاصل ہونے والے توانائی وسائل اور زمین کے استعمال کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
سی آر سی سی کے پراجیکٹ منیجر وانگ ہاؤ کا کہنا ہے کہ اپنی مدد آپ کے تحت تیار کردہ اس ٹربائن کی حب اونچائی 155 میٹر ہے جو 50 منزلہ عمارت کے مساوی ہے اور اس کے روٹر کا قطر 266 میٹر ہے جو کہ 55ہزار500 مربع میٹر رقبے میں گھومتا ہے جو تقریباً 8فٹبال کے میدانوں کے مساوی ہے جبکہ ایک بلیڈ کا پھیلاؤ 130 میٹر ہے۔
یہ ونڈ ٹربائن یان چھنگ شہر کے ضلع دافینگ کے ساحل سے 5 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے ۔ یہ ٹربائن اپنی پوری گنجائش پر کام کرتے ہوئے فی گھنٹہ 16ہزار200 کلو واٹ آورز بجلی پیدا کرسکتی ہے جو سالانہ 1لاکھ70ہزار گھرانوں کو بجلی مہیا کرنے کے لئےکافی ہے۔
