چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے دارالحکومت نان جِنگ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ(سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے تائیوان ورک آفس اور سٹیٹ کونسل کے تائیوان امور دفتر کے سربراہ سونگ تاؤ سمپوزیم سے خطاب کر رہے ہیں-(شِنہوا)
نان جِنگ(شِنہوا) چینی مین لینڈ کےعہدیدار نے تائیوان کے تاجروں اور کاروباری اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی اتحاد سے بیرونی خطرات اور چیلنجز کا مقابلہ کریں۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے تائیوان ورک آفس اور سٹیٹ کونسل کے تائیوان امور دفتر کے سربراہ سونگ تاؤ نے جیانگسو صوبے کے دارالحکومت نان جِنگ میں تائیوان کے کاروباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی شروع کی گئی ٹیرف کی جنگ مین لینڈ کی معیشت کی مضبوط بنیادوں، لچکدار پن اور طویل مدتی مثبت رجحان کو تبدیل نہیں کرسکتی۔
سونگ تاؤ نے کہا کہ ہمارے پاس تمام چیلنجز سے نمٹنے اور قابو پانے کی حکمت اور صلاحیت موجود ہے۔ مین لینڈ ہمیشہ تائیوان کے کاروباری افراد کے لئے مضبوط سہارا رہے گا۔
سونگ تاؤنے کہا کہ مین لینڈ حکومت تائیوان کے کاروباری افراد اور اداروں کو درپیش مسائل اور مشکلات کا بغور جائزہ لے کر عملی اور موثر پالیسی اقدامات متعارف کرائے گی۔ مین لینڈ حکومت مساوی سلوک یقینی بنائے گی، تعاون میں اضافہ کرے گی اور دونوں اطراف کے صنعتی و ترسیلی ذرائع کے درمیان ربط کو مضبوط کرے گی۔
سونگ تاؤنے امید ظاہر کی کہ تائیوان کے کاروباری افراد اور ادارے اعتماد اور دوراندیشی کا مظاہرہ کریں گے، دونوں اطراف کے تبادلوں اور تعاون میں بھرپور حصہ لیں گے اور بیرونی خطرات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے مل کر کام کریں گے۔
