چینی بحریہ کے چھی جی گوانگ (نیچے) اور جنگ گانگ شان (اوپر) بحری جہاز بحرالکاہل میں رواں دواں ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 30 سے زائد فعال بحری جہاز اپریل کے آخر میں بحریہ کے یوم تاسیس پر عوام کے لئے کھول دیئے جائیں گے۔
یہ پی ایل اے بحریہ کے اوپن ہاؤس ایونٹ میں شرکت کرنے والے جہازوں کی سب سے زیادہ تعداد اور اقسام ہوگی۔
075 کلاس ایمفیبیئس حملہ آور جہاز، 071 کلاس ایمفیبیئس ٹرانسپورٹ ڈاک ،054 اے کلاس اور 056 اے کلاس گائیڈڈ میزائل بحری جہاز ان فعال جنگی جہازوں میں شامل ہوں گے جن میں سے کئی خلیج عدن میں حفاظتی خدمات ، سرکاری غیرملکی دوروں اور مشترکہ فوجی مشقوں جیسے بڑے مشنز میں حصہ لے چکے ہیں۔
23 اپریل کے آس پاس دنوں میں چین کے چھن ہوانگ ڈاؤ، شنگھائی اور گوانگ ژو سمیت 10 سے زائد ساحلی شہروں میں عوام کو ان جہازوں پر سوار ہونے، بحریہ اہلکاروں سے بات چیت کرنے اور بحری ثقافت کا تجربہ کرنے کا موقع ملے گا۔
متعدد بحری ہوابازی اڈوں اور فوجی بندرگاہوں کو بھی عوام کے لئے کھولا جائے گا۔
پی ایل اے بحریہ کا 76 واں یوم تاسیس 23 اپریل کو ہے۔
