چین کے وسطی صوبہ ہوبے کے شہر ووہان میں ڈاکٹر ایک لڑکے کا معائنہ کررہا ہے جس کے دل کے دونوں نچلے خانوں کی مدد کے لئے مقناطیسی طور پر معلق آلہ لگایا ہے-(شِنہوا)
ووہان(شِنہوا)چین میں دل کے عارضے میں مبتلا ایک 7 سالہ بچہ دنیا کا سب سے کم عمر مریض بن گیا ہے جس کے دل کے دونوں نچلے خانوں کی مدد کے لئے مقناطیسی طور پر معلق آلہ لگایا گیا ہے جو مارکیٹ میں سب سے چھوٹا اور ہلکا مصنوعی دل ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس ماہ کے اوائل میں چین کے وسطی شہر ووہان میں ہواژونگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تونگ جی میڈیکل کالج سے منسلک یونین ہسپتال میں کی جانے والی یہ سرجری ایک ایسی پیشرفت ہے جو عالمی سطح پر بچوں کے دل کی دیکھ بھال کو تبدیل کرسکتی ہے۔
اس بچے کا نام جون جون رکھا گیا تھا اور اس کا دل صرف 45 گرام تھا اور اس کا قطر 2.9 سینٹی میٹر تھا۔
انہیں مئی 2024 میں ڈائلیٹڈ کارڈیومایوپیتھی کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد میں انہیں دل کا شدید دورہ پڑا تھا۔ بچے کے خون کے گروپ او سے مماثلت رکھنے والے عطیہ کنندہ کا دل تلاش کرنا مشکل ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے مقامی مصنوعی دل لگانے پر توجہ دی ۔
دل کے سرجن ڈونگ نیانگ وو کی سربراہی میں ایک ٹیم نے 5 گھنٹے تک آپریشن کیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جون جون نے اگلے دن خود ہی سانس لینا شروع کر دیا اور ان کے دل کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔
جون جون کے والد نے کہاکہ ڈاکٹروں کا شکریہ، ہمارے بچے کے پاس اب زندہ رہنے اور پیوند کاری کا انتظار کرنے کا موقع ہے۔ ایک بار جب ان کی سوزش ختم ہو جائے گی، تو ہم گھر جا سکیں گے۔
بچوں میں حرکت قلب بند ہونا ایک عالمی طبی مسئلہ ہے۔ چین میں ہر سال عارضہ قلب کے شکار 40 ہزار بچوں کو ہسپتال میں داخل کیا جاتا ہے جن میں سے 7 سے 10 فیصد کو فوری طور پر دل کی پیوند کاری کی ضرورت ہوتی ہے تاہم عطیہ دہندگان کے دل کی دائمی کمی کی وجہ سے سالانہ 100 سے کم بچوں کی پیوند کاری کی جاتی ہے۔
مصنوعی دل یا وینٹریکولر اسسٹ ڈیوائسز عارضی طور پر دل کا کام کرسکتے ہیں لیکن موجودہ ماڈل یا تو خون کے نظام کو نقصان پہنچاتے ہیں یا بنیادی طور پر بالغوں کے لئے ڈیزائن کئے گئے ہیں۔
ڈونگ نے کہا کہ چھوٹے جسم والے بچے بالغ نہیں ہوتے۔ انہیں ایک مصنوعی دل کی ضرورت ہے جو خاص طور پر ان کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہو۔
ہسپتال نے 2021 میں شین زین کور میڈیکل ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ شراکت داری کی تاکہ تیسری نسل کی مقناطیسی طور پر معلق ڈیوائس تیار کی جاسکے جس میں کم توانائی کی کھپت، بیٹری کی توسیع شدہ زندگی، ہنگامی منتقلی کے لئے بہتر استحکام اور گردشی رفتار کا درست کنٹرول جیسے فوائد شامل ہوں اور اس میں مریضوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بروقت ردوبدل ہوسکے۔
