چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کے شہر ہائیکو میں چین بین الاقوامی اشیائے صرف نمائش (سی آئی سی پی ای) کے دوران شہری برطانوی پویلین کا دورہ کررہے ہیں-(شِنہوا)
ہائیکو(شِنہوا)چین کے استوائی جزیرہ صوبے ہائی نان میں 5 ویں چین بین الاقوامی اشیائے صرف نمائش (سی آئی سی پی ای) نے عالمی کاروباری اداروں کے لئے ایک اہم منڈی کے طور پر ملک کی پوزیشن کی توثیق کی ہے۔
اس سال کی نمائش میں 71 ممالک اور خطوں کے 4,100 سے زائد برانڈز نے ریکارڈ شرکت کی ہے جو چین کی وسیع صارف منڈی اور اس کے بدلتے ہوئے منظرنامے کے ساتھ وابستگی کے لئے بڑھتی ہوئی بین الاقوامی خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔
اس سال کے مہمان ملک برطانیہ سے فیشن، بیوٹی اور دیگر شعبوں میں 27 کمپنیوں نے شرکت کی۔ بربری اور بینٹلے جیسے فلیگ شپ برانڈز نے ماحول دوست ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی پر زور دیتے ہوئے اپنی تازہ ترین مصنوعات کی نمائش کی۔
برطانیہ کے محکمہ کاروبار وتجارت کے وزیر ڈگلس الیگزینڈر نے کہا کہ میں نے حالیہ برسوں میں چین کی معیشت میں زبردست جدت اور ترقی دیکھی ہے، خاص طور پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، حیاتیاتی سائنسز اور ماحول دوست توانائی میں ترقی دیکھی ہے۔
بربری گریٹر چائنہ کی صدر جوسی ژانگ نے غیر ملکی کمپنیوں کو مقامی شراکت داروں کے ساتھ منسلک ہونے میں سہولت فراہم کرنے میں نمائش کی اہمیت کا ذکر کیا۔ انہوں نے شِنہوا کو ایک تحریری انٹرویو میں کہا کہ ہمارا مقصد مختلف سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کو مضبوط بناکر منڈی کے نئے مواقع تلاش کرنا اور باہمی ترقی حاصل کرنا ہے۔
سلوواکیہ نے بھی اپنے پہلے قومی پویلین کے ساتھ قابل ذکر آغاز کیا۔ سلوواکیہ کے برانڈ ٹرسکاڈا کے سی ای او اینڈریا جینسکووا نے ایکسپو کی عالمی رسائی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ دنیا بھر کے لوگوں کے ساتھ بھی اچھا رابطہ رکھ سکتے ہیں۔
نئے آنے والوں میں جاپان کی ایڈا لائیو سٹاک کمپنی لمیٹڈ بھی شامل تھی، جو اپنے پریمیم واگیو گائے کے گوشت کے لئے مشہور ہے۔ سی آئی سی پی ای میں پہلی بار شرکت کرنے والی کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر ری تناکانے کہاکہ ہم چینی منڈی میں اپنے تزویراتی داخلے کے طور پر ہائی نان میں ایک تجارتی کمپنی قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
چین کی تکنیکی جدت کی رفتار کے دوران اس سال کی نمائش میں پہلی بار مصنوعی ذہانت اور کم اونچائی والی معیشت کے لئے مخصوص زون متعارف کرائے گئے جس میں دنیا بھر کی معروف ٹیک کمپنیوں کی جدید ٹیکنالوجیز اور مصنوعات کی نمائش کی گئی۔
