ملائیشیا کی ریاست پاہانگ میں ملائیشیا-چائنہ کوان تان صنعتی پارک (ایم سی کے آئی پی)کا فضائی منظر-(شِنہوا)
کوالالمپور(شِنہوا)ملائیشیا میں چین کے سفیر اویانگ یوجنگ نے کہا ہے کہ چین-ملائیشیا مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تعمیر مستحکم انداز میں جاری ہے۔
اویانگ یوجنگ نے شِنہوا کو حالیہ تحریری انٹرویو میں کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کی رہنمائی میں چین اور ملائیشیا پائیدار دوستی کے حامل قریبی ہمسائے، مشترکہ ترقی کے مخلص شراکت دار، بھائی جیسے دوست اور امن کے لئے اہم قوت بن کر رہیں گے۔ دونوں ممالک دو طرفہ تعلقات کو مزید روشن مستقبل کی طرف لے کر جائیں گے۔
چینی سفیر نے کہا کہ چین-ملائیشیا تعلقات گزشتہ نصف صدی سے زائد عرصے سے مضبوط اور لچکدار رہے ہیں۔ سفارتی تعلقات کے ابتدائی دنوں میں ملائیشین رہنماؤں نے ان تعلقات کو نئے لگائے گئے پودے سے تشبیہ دی تھی۔ آج یہ پودا تن آور درخت بن چکا ہے جس کی جڑیں گہری اور شاخیں شاداب ہیں جو ظاہر کرتا ہے کہ دونوں ممالک مل کر مشترکہ مستقبل کی طرف نمایاں پیش رفت کر رہے ہیں۔
اویانگ نے چین-ملائیشیا مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو اہم محرک قرار دیا جو باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ 2013 میں چینی صدر شی جن پھنگ کے ملائیشیا کے دورے نے دو طرفہ تعلقات کو جامع تزویراتی شراکت داری تک بلند کیا۔ 2023 میں بیجنگ میں صدر شی اور وزیر اعظم انور ابراہیم کی ملاقات میں دونوں ممالک نے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تعمیر پر اتفاق کیا تھا جس سے باہمی تعلقات کا جامع خاکہ تیار ہوا۔
اویانگ نے آسیان کے صدر کے طور پر ملائیشیا کے کردار کے حوالے سے چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ چین قریبی چین-آسیان معاشرے کی تعمیر کے لئے پرعزم ہے تاکہ ایک پرامن، محفوظ، خوشحال، خوبصورت اور دوستانہ خطے کو مل کر تشکیل دیا جا سکے۔
