جاپان کے شہر اوساکا میں اوساکا نمائش کے دوران چائنہ پویلین کی افتتاحی تقریب میں فنکار فن کا مظاہرہ کررہے ہیں-(شِنہوا)
اوساکا(شِنہوا)اوساکا نمائش میں چین کا پویلین باضابطہ طور پر کھول دیا گیا ہے جس کی افتتاحی تقریب پویلین کی مرکزی عمارت کے سامنے منعقد ہوئی۔ یہ عمارت روایتی چینی نقش و نگار کی شکل میں ڈیزائن کی گئی ہے۔
افتتاحی تقریب میں تقریباً 300 مہمان شریک ہوئے۔
بین الاقوامی تجارت کے فروغ کے لئے چینی کونسل کے چیئرمین رین ہونگ بن نے اپنے خطاب میں نمائش کی میزبانی میں جاپان کے لئے چین کی بھرپور حمایت پر زور دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین کا پویلین ایک پراعتماد اور کھلے چین کی تصویر پیش کرے گا جو نمائش میں یادگار نقوش چھوڑتے ہوئے زیادہ مساوی اور جامع عالمی مستقبل کی تشکیل میں کردار ادا کرے گا۔
عالمی نمائش 2025 کے لئے جاپان ایسوسی ایشن کے چیئرپرسن ماساکازو توکورا نے جاپان-چین تعلقات کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ 2025 کی نمائش مستقبل کے بین الاقوامی تعاون کا نقطہ آغاز ہوسکتی ہے۔
اوساکا نمائش 2025، 13 اپریل سے 13 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی۔ چائنہ پویلین تقریباً 3 ہزار 500 مربع میٹر پر مشتمل ہے جو نمائش میں سب سے بڑا خود ساختہ طور پر تیار کردہ غیر ملکی پویلین ہے۔
