غزہ شہر میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد ایک فلسطینی شہری الاہلی عرب ہسپتال کی عمارت کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے رہا ہے-(شِنہوا)
غزہ/بیت المقدس(شِنہوا)فلسطینی طبی ذرائع اور عینی شاہدین نے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ شہر کے الاہلی عرب ہسپتال کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں اہم طبی تنصیبات کو نقصان پہنچا اور اسے بند کرنا پڑا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملے میں ہسپتال کے احاطے میں واقع حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) اور اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی (آئی ایس اے) نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حماس کے کارندے حملوں کو مربوط بنانے کے لئے اس سہولت کا استعمال کرتے رہے ہیں۔
طبی عملے کے ایک رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر شِنہوا کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے حملے سے کچھ دیر قبل انخلا کا انتباہ جاری کیا تھا۔ حملے میں ہسپتال کے سرجیکل آپریشنز ڈیپارٹمنٹ اور آکسیجن جنریشن یونٹ کو نشانہ بنایا گیا جس سے ہسپتال کے متعدد حصوں کو شدید نقصان پہنچا۔
عملے کے رکن نے کہا کہ نشانہ بنائے گئے ہسپتال کے 2 شعبے تباہ ہوگئے اور ہسپتال اب کام نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حملے سے پہلے یہ مرکز مریضوں، زخمی شہریوں اور سینکڑوں بے گھر رہائشیوں کو پناہ دے رہا تھا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حملے میں گائیڈڈ گولہ بارود کا استعمال کیا اور فضائی نگرانی کی تاکہ شہریوں اور طبی عملے کے لئے خطرے کو کم کیا جا سکے۔ علاقے میں پیشگی انتباہ بھی جاری کیا گیا تھا۔
غزہ میں حماس کے زیر انتظام سرکاری میڈیا آفس نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا اور اسرائیل اور امریکہ پراس کی ذمہ داری عائد کی۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ حملہ غزہ کے صحت کے شعبے کے خلاف وسیع تر مہم کا حصہ ہے۔ مقامی محکمہ صحت کے حکام نے بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ طبی سہولیات اور اہلکاروں کی حفاظت کریں۔
دریں اثنا غزہ میں محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر2023 کو تنازع کے آغاز کے بعد سے فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد 50ہزار944 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 16ہزار 156 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 افراد کے شہید ہونے اور 111 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

شنہوا
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link
- شنہوا#molongui-disabled-link