الجیریا، سدی آئچ میں سیدی آئچ ٹنل کا ایک اندرونی منظر۔ (شِنہوا)
الجزائر (شِنہوا) الجیریا۔ چین کاروباری فورم برائے سرمایہ کاری 15 اپریل کو الجزائر میں منعقد ہوگا جو چینی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
تقریب کے منتظمین کے مطابق الجیرین انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی (اے اے پی آئی) کے زیر اہتمام منعقدہ اس فورم میں دونوں ممالک کے تقریباً 200 ادارے شریک ہوں گے۔
توقع کی جارہی ہے کہ تقریباً 30 چینی ادارے اور چین کے قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن کا ایک وفد الجیرین سرمایہ کاروں اور منصوبے کے قائدین کے ساتھ شرکت کرے گا۔
اے اے پی آئی کا کہنا ہے کہ اس فورم کا مقصد کان کنی، شمسی توانائی، گردشی معیشت ، ٹیکنالوجی، نقل و حرکت، ادویات سازی اور ٹیکسٹائل سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اے اے پی آئی نے تقریب کو چینی سرمائے کو راغب کرنے، ٹیکنالوجی کی منتقلی میں پیشرفت اور طویل مدتی صنعتی شراکت داری کے قیام کا ایک اہم موقع قرار دیا کیونکہ دونوں اطراف کے کاروباری شعبوں کے مابین اجلاس تقریب کے ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
چین عرصہ دراز سے الجیریا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق 2024 میں چین اور الجیریا کے درمیان تجارتی حجم 12.48 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ چکا تھا۔
چین بنیادی طور پر مکینیکل ، الیکٹرک اور اسٹیل کی مصنوعات، گاڑیاں اور اس کے پرزہ جات کے علاوہ دیگر اشیا برآمد کرتا ہے جبکہ پیٹروکیمیکل خام مال درآمد کرتا ہے. الجیریا اس وقت چین کی سب سے بڑی غیرملکی کنٹریکٹنگ مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔
