چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے شہر شی آن میں عالمی باغبانی نمائش میں پوسٹل سیونگز بینک آف چائنہ کے قائم کردہ موبائل بینک کی فائل فوٹو۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) پوسٹل سیونگز بینک آف چائنہ نے آمدہ 5 سال کے دوران نجی کاروباری اداروں کو کم از کم 100 کھرب یوآن (تقریباً 14 کھرب امریکی ڈالر) قرض فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے معاشی مشکلات کے اس دور میں ملک کے نجی شعبے کی مدد کرنے کے عزم کو تقویت ملتی ہے۔
قرض دہندہ نے کہا ہے کہ وہ ٹیکنالوجی میں جدت لانے والے اداروں کے لیے کم از کم 30 کھرب یوآن اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے 30 کھرب یوآن سے زائد رقم مختص کرنے کی توقع رکھتا ہے، تاکہ نجی شعبے کی 5 ہزار سے زائد کمپنیوں کو ان کی گورننس کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد دی جا سکے۔
اس بڑے سرکاری تجارتی بینک نے حال ہی میں آل چائنہ فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس سے شراکت کے ساتھ ایک لائحہ عمل متعارف کرایا تھا جس کا مقصد نجی اداروں کو بااختیار بنانا، آپریشنل ترقی، ٹیکنالوجی اختراع اور ڈیجیٹل تبدیلی پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت اہم پروگرامز میں نجی اداروں کے لئے ایک تیار کردہ قرض پروگرام ، ٹیکنالوجی تحقیق و ترقی معاونت پیکج اور چھوٹے کاروباروں کے لئے ڈیجیٹل اپ گریڈ شامل ہیں۔
بینک کے 2024 کے اختتام تک نجی اداروں پر واجب الادا قرض کی مالیت 24.4 کھرب یوآن ہوچکی تھی جس کے ذریعے 34 لاکھ سے زائد کاروباری اداروں کو سہولت ملی۔
