چین کی جنوب مغربی بلدیہ چھونگ چھنگ کی یویانگ توجیا اور میاؤ خود مختار کاؤنٹی میں تاؤ ہوا یوآن کے خوبصورت تفریحی مقام پر سیاح بہار کے نظاروں سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا)دنیا کی دوسری بڑی معیشت چین میں رواں سال کے چھنگ منگ تہوار کی 3 روزہ تعطیلات کے پہلے روز یعنی جمعہ کو ملک کے طول و عرض کا سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا اور ہر قسم کی ٹرانسپورٹ خدمات میں مسافروں کی تعداد بڑھ گئی۔
وزارت ٹرانسپورٹ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 4 اپریل کو تعطیل کے پہلے روز ریلوے سے 2 کروڑ 90 ہزار سے زائد ریکارڈ مسافر دورے ہوئے جو گزشتہ برس کی نسبت 8.4 فیصد زائد ہے۔
آبی گزرگاہوں سے مسافردوروں کی تعداد 24.4 فیصد اضافے سے 8 لاکھ 80 ہزار رہی جبکہ فضائی راستے سے مسافر دورے 8.6 فیصد بڑھ کر 17 لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئے۔
سب سے زیادہ مسافر دورے شاہراہوں سے ہوئے جن کی تعداد 26 کروڑ 47 لاکھ 20 ہزار تھی جو گزشتہ برس کی نسبت 9.7 فیصد زیادہ ہے۔
چین میں زیادہ سے زیادہ افراد نے نجی گاڑیوں میں سفر کیا، جمعہ کے روز ان دوروں کی مجموعی تعداد 22 کروڑ 82 لاکھ 30 ہزار رہی جو 11.1 فیصد اضافہ ہے۔
چھنگ منگ تہوار یا مقبروں کی صفائی کا دن رواں سال 4 اپریل کو منایا گیا تھا۔ یہ ایک روایتی چینی تہوار ہے جس میں لوگ مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے اور اپنے آباؤ اجداد کو یاد کرتے ہیں۔
یہ تعطیل چین کے رہائشیوں کو گھر سے باہر سرگرمیوں میں مشغول ہونے یا سیروسیاحت کا ایک موقع فراہم کرتی ہے۔
