سربراہ بی این پی اختر مینگل نے بلوچ خواتین کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار سے نکالنے جانے پر احتجاج کرنیوالے بلوچستان کے مسائل پر کیوں احتجاج نہیں کرتے۔لکپاس میں دھرنے کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ اقتدار سے نکالے جانے پر احتجاج کیا جاتا ہے مجھے کیوں نکالا؟، بلوچستان کے ایشوز پر وہ احتجاج نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو اس لئے نکالا کہ آپ کے قول و فعل میں تضاد ہے، 77سال بعد بھی انہیں معلوم نہ ہوسکا بلوچستان کا مسئلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ اتنی بڑی سرزمین کے مالک ہیں لیکن ایک وقت کی روٹی کے لیے محتاج ہیں، بلوچستان میں کئی آپریشن ہوئے، لیکن نتیجہ نہیں نکلا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے شروع ہونے والا آپریشن آج تک جاری ہے، ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ہماری خواتین کو رہا کیا جائے۔
