چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ریاستی کونسل کے امور تائیوان دفتر کے ترجمان چھن بن ہوا پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) مین لینڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چینی مین لینڈ نے عوام کے لئے ایک آن لائن پلیٹ فارم قائم کیا ہے جہاں "تائیوان کی آزادی” کی وکالت کرنے والوں اور ان کے ساتھیوں کی تائیوان کے ہم وطنوں پر ظلم و ستم کی گھناؤنی کارروائیوں کی اطلاع دی جاسکتی ہے۔
دفتر کے ترجمان چھن بن ہوا نے بدھ کے روز بتایا کہ ریاستی کونسل کے امورتائیوان دفتر کی سرکاری ویب سائٹ پر شامل کردہ شکایات سیکشن کا مقصد "تائیوان کی آزادی” کے اہم علیحدگی پسندوں کا احتساب کرنا ہے۔
چھن نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی کے حکام جزیرے پر اختلافی آوازوں کو دبانے، اظہار رائے کی آزادی کو کچلنے اور سیاسی مخالفین کے ساتھ ساتھ آبنائے پار تعلقات میں پرامن ترقی اور انضمام کی حامی سیاسی جماعتوں، تنظیموں اور افراد کے خلاف دھمکیوں، دباؤ اور ظلم و ستم کے لئے مختلف الزامات عائد کررہے ہیں۔
انہوں نے شدید تشویش ظاہر کی اور سخت سزا کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض”تائیوان آزادی” کی تنظیمیں، علیحدگی پسند عناصر، عہدیدار اور آن لائن اثرورسوخ رکھنے والے افراد قانون کی خلاف ورزیوں کے نفاذ کنندہ اور معاون کے طور پر کام کر رہے ہیں، غلط کاموں میں مدد فراہم کر رہے ہیں اور جارحیت کو سہولت دے رہے ہیں۔
چھن نے جبر اور ظلم و ستم کے متاثرین یا متعلقہ معلومات رکھنے والے افراد سے کہا ہے کہ وہ مخصوص ای میل اکاؤنٹ
jubao@suremail.cn پر تفصیلات مہیا کریں ۔
انہوں نے کہا کہ تمام درخواستیں مناسب طریقے سے نمٹائی جائیں گی اور تصدیق شدہ کیسز کو مناسب وقت پر ظاہر کیا جائے گا۔
چھن نے کہا کہ سنگین جرائم کی تصدیق کرنے والے کافی شواہد کی صورت میں مجرموں کو قانون کے تحت جوابدہ ٹھہرایا جائے گا جبکہ اطلاع دینے والوں کی معلومات اور قانونی حقوق کو قانون کے مطابق تحفظ دیا جائے گا۔
