سوڈان کے شہر ام درمان میں لوگ نیم فوجی دستوں کے حملے میں تباہ شدہ مکان کا معائنہ کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
خرطوم (شِنہوا) مقامی اداروں نے بتا یا ہے کہ سوڈان کے مغربی علاقے الفشر سے 210 کلومیٹر شمال میں واقع المالحہ میں نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے حملے میں 45 سے زائد شہری ہلاک ہوگئے۔
آر ایس ایف کے جنگجوؤں نے بازاروں اور رہائشی علاقوں (المالحہ علاقے) میں اپنی کارروائیاں دوبارہ شروع کی ہیں۔ الفشر میں مزاحمتی کمیٹیوں کی ہم آ ہنگی سے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر شِنہوا کو بتایا کہ آرایس ایف کی اندھا دھند فائرنگ سے 45 سے زائد شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔
سوڈانی ڈاکٹروں کے نیٹ ورک نے ایکس پر کہا کہ آر ایس ایف نے المالحہ علاقے سے 48 افراد کو "بڑے پیمانے پر قتل” کیا جبکہ حملے میں 63 دیگر زخمی ہوئے۔
تنظیم نے متنبہ کیا کہ آر ایس ایف کا دارفور کے لوگوں کا "بڑے پیمانے پر نسلی بنیادوں پر قتل عام” خطے میں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دے گا۔
آر ایس ایف نے ابھی تک حملے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا ہے۔
آر ایس ایف نے جمعرات کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے المالحہ علاقے پر قبضہ کرلیا ہے جہاں سوڈانی فوج سے منسلک مسلح دارفوری گروہوں پر مشتمل مشترکہ فورس کا ایک مرکزی کیمپ موجود ہے۔
سوڈان اور لیبیا کے درمیان اہم تجارتی راستوں پر کنٹرول کے سبب المالحہ اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔ یہ شمالی دارفور ریاست کے صدرمقام الفشر کی سمت جانے والی ایک اہم گزرگاہ بھی ہے۔ یہ گزشتہ برس 10 مئی سے ایس اے ایف اور آر ایس ایف کے درمیان شدید جھڑپوں کے سبب میدان جنگ بنا ہوا ہے۔
