شمالی مقدونیہ کے شہر کوکانی میں سکیورٹی اہلکار آتشزدگی سے متاثرہ نائٹ کلب کامعائنہ کررہے ہیں۔(شِنہوا)
سکوپجے(شِنہوا)شمالی مقدونیہ کے شہر کوکانی کے ایک نائٹ کلب میں آتشزدگی سے کم از کم 59 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
حکام کا ماننا ہے کہ آگ آتش گیر مواد کی وجہ سے لگی جس نے چھت کو بھی اپنی لپیٹ لیاجس کی وجہ سے آگ کے شعلے اور دھواں تیزی سے پھیل گیا۔ انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چھت آگ کی لپیٹ میں ہے اور لوگ جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر داخلہ پنچے توشکوف سکی نے تصدیق کی ہے کہ زخمیوں میں سے 18 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ہسپتال میں داخل ہونے والوں میں ہپ ہاپ گروپ ڈی این کے، کے رکن ولادیمیر بلیزوسکی بھی شامل ہیں جو جھلس گئے لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے اور کلب کے مالک سمیت 4 دیگر افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔
شمالی مقدونیہ کی حکومت نے مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لئے مکمل تحقیقات کا عزم کیا ہے۔ وزیراعظم ہرستیجان میکوسکی نے مونٹی نیگرو کا اپنا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا اور ہنگامی کوششوں کا جائزہ لینے کے لئے کوکانی پہنچ گئے۔
