سعودی عرب کے شہر جدہ میں امریکہ اور یوکرین کے وفود مذاکرات کررہے ہیں-(شِنہوا)
جدہ(شِنہوا) یوکرین نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں امریکی وفد کے ساتھ بات چیت کے بعد فوری طورپر30 دن کی عبوری جنگ بندی کی امریکی تجویز قبول کرلی ہے۔
دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان کئی گھنٹے کی مشاورت کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کو باہمی اتفاق رائے سے بڑھایا جاسکتا ہے۔ امریکہ روس کو آگاہ کرے گا کہ قیام امن کے لئے روس کا تعاون اہمیت رکھتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے خفیہ معلومات کے تبادلے پر عائد عارضی پابندی فوری طور پر ختم کرنے اور یوکرین کی سیکیورٹی امداد دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ فریقین نے انسانی ہمدردی امداد خاص کر جنگ بندی کے دوران اس کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
مذاکرات کاروں نے دیرپا امن کے لئے مذاکرات شروع کرنے کے لئے ٹیمیں مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے روسی نمائندوں کو بات چیت میں شامل کرنے سے متعلق اپنا عزم دہرایا۔ جبکہ یوکرین نے یورپی شراکت داروں کی شمولیت پر زور دیا۔
دونوں ممالک کے رہنماؤں نے یوکرین کی معیشت کے فروغ کےلئے یوکرین کے اہم معدنی وسائل کی ترقی سے متعلق ایک جامع معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا۔
