چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ 14 ویں قومی عوامی کانگریس (این پی سی) کے تیسرے اجلاس کے دوران وزیر تعمیرات اور شہری- دیہی ترقی نی ہونگ ایک پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین اہل تعمیراتی منصوبوں کے لئے مضبوط مالی تعاون فراہم کرنے اور خریداروں کو گھروں کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ ٹھوس انداز میں جائیداد مارکیٹ میں استحکام بحال کرے گا۔
وزیر تعمیرات اور شہری-دیہی ترقی نی ہونگ نے 14 ویں قومی عوامی کانگریس کے تیسرے اجلاس کے موقع پر ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ اگرچہ حکومت نے اس شعبے کی ترقی کے لئے مختلف نوعیت کی پالیسیاں متعارف کرائی ہیں تاہم رواں سال شرح سود میں کمی، قرض سہولت اور ٹیکس میں رعایت سمیت متعلقہ اقدامات کے اثرات کو مضبوط بنانے کے لئے مزید کام کیا جائے گا۔
نی ہونگ نے کہا کہ وزارت جائیداد کے منصوبوں کے لئے قرضوں کو یقینی بنانے کے لئے "وائٹ لسٹ ” کے طریقہ کار کو وسیع کرنے کے ساتھ ساتھ شہری دیہات اور خستہ حال مکانات کی تزئین و آرائش کو تیز کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جائیداد کی ترقی، قرض اور فروخت کے بنیادی طریقہ کار میں اصلاحات کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ اس شعبے کے لئے ایک نیا ترقیاتی ماڈل تشکیل دیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر کے بعد سے حکومت کی معاون پالیسیوں نے مارکیٹ کا اعتماد مؤثر انداز سے بڑھایا ہے جس سے اس شعبے میں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق مارکیٹ نے جنوری اور فروری میں اپنی بحالی کی رفتار کو برقرار رکھا تھا۔
