چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس (سی پی پی سی سی) کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وانگ ہوننگ چین کے دارالحکومت بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں منعقدہ 14 ویں سی پی پی سی سی قومی کمیٹی کے تیسرے سیشن کے افتتاحی اجلاس میں سی پی پی سی سی قومی کمیٹی کی قائمہ کمیٹی کی جانب سے کارکردگی رپورٹ پیش کررہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین کے اعلیٰ سیاسی مشیر وانگ ہوننگ نے اپنے سالانہ اجلاس کے آغاز کے موقع پر چینی جدیدیت کے لئے دانشمندی اور قوت کو یکجا کرنے سے متعلق مزید کوششوں پر زور دیا۔
بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں منعقدہ چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس (سی پی پی سی سی) کی 14 ویں قومی کمیٹی کے تیسرے سیشن کے افتتاحی اجلاس میں 2 ہزار سے زائد سیاسی مشیروں نے شرکت کی،اجلاس کے ایجنڈے کا جائزہ لیا اور اس کی منظوری دی ۔
چینی صدر شی جن پھنگ اور لی چھیانگ ، ژاؤ لے جی ، کائی چھی ، ڈینگ شوئے شیانگ ، لی شی اور ہان ژینگ سیمت دیگر رہنما بھی اس موقع پر مو جود تھے۔
سی پی پی سی سی کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وانگ ہوننگ نے اعلیٰ سیاسی مشاورتی ادارے کی قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔
وانگ نے کہا کہ چین نے 2024 کے لئے اپنے اہم اقتصادی و سماجی ترقی کے اہداف حاصل کرلئے ہیں، انہوں نے ملکی جدیدیت کی مہم میں حاصل کردہ تازہ ترین کامیابیوں کو سراہا۔
انہوں نے گزشتہ ایک برس کے دوران سیاسی مشاورتی ادارے کے کام کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مشیروں نے اصلاحات کو گہرا کرنے اور چینی جدیدیت کو آگے بڑھانے سمیت اہم امور پر تجاویز پیش کیں۔
وانگ نے کہا کہ 14 ویں 5 سالہ منصوبے (2021-2025) کے لئے 2025 آخری سال ہے اور یہ ملک کے لئے اصلاحات کو مزید جامع انداز سے گہرا کرنے کے لئے بھی ایک اہم سال ہے۔
انہوں نے سیاسی مشیروں پر زور دیا کہ وہ اندرون و بیرون ملک تمام چینی عوام کی دانشمندی اور قوت کو بروئے کار لائیں، منصوبے میں طے کردہ اہداف اور کاموں کی تکمیل میں اپنا حصہ ڈالیں اور ملک کے اگلے 5 سالہ منصوبے کو اچھا آغاز فراہم کرنے کے لئے ٹھوس بنیاد رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ آئیے ہم عوام کی حمایت حاصل کریں، زیادہ سے زیادہ اتفاق رائے پیدا کریں اور چینی جدیدیت میں پیشرفت کے لئے دانشمندی اور قوت یکجا کریں ۔
