افغانستان کے صوبہ بلخ میں افغان سکیورٹی فورسز کے قبضے میں لیا جانے والا بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود دیکھا جاسکتا ہے۔(شِنہوا)
چاریکار ، افغانستان (شِنہوا) افغانستان کے مشرقی صوبے پروان میں پولیس نے ایک درجن بارودی سرنگیں اور متعدد گولہ بارود برآمد کرلیا ہے۔
صوبائی پولیس نے اتوار کے روز ایک بیان میں بتایا کہ ماضی کی جنگوں سے بچ جانے والی بارودی سرنگیں اور کچھ نہ پھٹنے والے آلات ہفتے کو صوبائی دارالحکومت چاریکار شہر کے مضافات میں روبات کے علاقے سے برآمد کئے گئے جنہیں محکمہ پولیس منتقل کردیا گیا ہے۔
بیان میں مزید تفصیلات فراہم کئے بغیر لوگوں سے کہا گیا ہے کہ اگر انہیں کوئی مشتبہ چیز نظر آئے تو اس کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
جنگ زدہ افغانستان 4 عشرے سے زائد عرصے سے جنگوں اور غیر ملکی حملوں کا سامنا کر چکا ہے۔اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہاں دنیا میں سب سے زیادہ بارودی سرنگیں موجود ہیں جس کے دھماکوں کی زد میں آکر ہر ماہ درجنوں افراد ہلاک ہوتے ہیں یا معذور ہوجاتے ہیں۔
