آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے پیچھے منظم غیر قانونی اسپیکٹرم ہے، جس کی پشت پناہی مخصوص عناصر کرتے ہیں۔ ریاست کے ہاتھ ڈالنے پر جھوٹے پروپیگنڈے کی آواز سنائی دیتی ہے۔
بہاولپورمیں طلبا سے بات چیت میں آرمی چیف نے کہا کہ جب تک قوم خصوصاً نوجوان افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہیں گے، کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ بلاوجہ تنقید کے بجائے اپنی توجہ کارکردگی اور فرائض پرمبذول رکھنی ہے۔ ملکی ترقی کیلئے ہم میں سے ہرکسی نے اپنے حصے کی شمع جلانی ہے ۔
آرمی چیف نے کہا پاکستان اللہ پاک کا عطا کردہ انمول تحفہ ہے۔ اللہ نے پاکستان کو بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے ۔ اپنےعقیدے، اسلاف اور معاشرتی اقدارکو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے ۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر نے بہاولپور چھاؤنی کا دورہ کیا۔ چولستان انوویسٹا کے نام سے جنگی حکمت عملی کی تیاری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید ترین مرکز کا افتتاح کر دیا۔ آرمی چیف نے سی ایم ایچ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا افتتاح بھی کیا۔
سپہ سالار نے فوجی دستوں کے بلند حوصلے ، غیرمتزلزل لگن اور جنگی تیاریوں کو سراہا، سخت تربیت ایک سپاہی کی پیشہ ورانہ ترقی کا بنیادی ستون قرار دیا۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے خطاب میں کہا مربوط جنگی حکمت عملی اور سخت تربیت جدید جنگی چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ناگزیر ہے۔
