چین کے وسطی صوبہ ہونان کے شہر ہوائی ہوا کے قصبے چھنگ لانگ میں دریائے یوآن شوئی میں کشتی کے حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔(شِنہوا)
چھانگ شا(شِنہوا)چین کے وسطی صوبے ہونان میں ایک مسافر کشتی اور تیل کا فضلہ نکالنے والی کشتی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 5 لاپتہ ہوگئے۔
یہ واقعہ یوآن لنگ کاؤنٹی کی چھنگ لانگ ٹاؤن شپ میں دریائے یوآن شوئی میں پیش آیا۔ حادثے کے باعث کشتی میں سوار 19 افراد دریا میں ڈوب گئے جن میں سے 3 کو بچا لیا گیا۔
ریسکیو ہیڈکوارٹرز کے مطابق دریا کے جس حصے میں یہ واقعہ پیش آیا اس میں پانی کی اوسط گہرائی 60 میٹر سے زائد اور چوڑائی 500 میٹر تک ہے اور دریا کے حصے کی ارضیاتی صورتحال پیچیدہ ہے۔ دریا کے کنارے کے قریب طوفانی لہروں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
500 سے زائد امدادی کارکن تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔ ڈوبنے والی مسافر کشتی کو پانی کی سطح پر لایا گیا ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
