چین کے دارالحکومت بیجنگ میں دوسری چائنہ انٹرنیشنل سپلائی چین ایکسپو(سی آئی ایس سی ای)میں بوش کے بوتھ پر سیلیکون کاربائیڈ برج کےماڈیولز کی نمائش کی جارہی ہے۔(شِنہوا)
چھونگ چھنگ(شِنہوا)چین کے جنوب مغربی چھونگ چھنگ بلدیہ میں 8 انچ کی سیلیکون کاربائیڈ ڈیوائس بنانے کے نئے کارخانے نے باضابطہ طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔
منصوبے کی افتتاحی تقریب میں اعلان کیا گیا کہ یہ منصوبہ 2023 میں چین کی معروف کمپاؤنڈ سیمی کنڈکٹر کمپنی سانان اوپٹو الیکٹرانکس اور سیمی کنڈکٹر سلوشنز کی سرکردہ عالمی کمپنی ایس ٹی مائیکرو الیکٹرانکس کی جانب سے قائم کیا گیا تھا اور توقع ہے کہ اس سال کی چوتھی سہ ماہی میں اس سے بڑے پیمانے پر پیداوار حاصل کی جائے گی۔
نئی تنصیب میں تقریباً 23 ارب یوآن (3.2 ارب امریکی ڈالر) کی مجموعی سرمایہ کاری کی گئی ہے اور اسے صرف 16 ماہ میں شروع کیا گیا۔ یہ بنیادی طور پر آٹوموٹو گریڈ چپس تیار کرے گا۔ ایک بار مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد یہ ہر ہفتے تقریباً 10ہزار آٹوموٹو گریڈ ویفر تیار کرےگا۔
حالیہ برسوں میں چھونگ چھنگ نے اپنی پاور سیمی کنڈکٹر اور مربوط سرکٹ انڈسٹری کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ 2024 میں چھونگ چھنگ کی مربوط سرکٹ انڈسٹری کی پیداوار 45.5 ارب یوآن تھی جو گزشتہ سال کےمقابلے میں 9.3 فیصد کا اضافہ ہے اور اس کی پاور سیمی کنڈکٹر پیداواری صلاحیت ملک کی پہلی 3 سرفہرست پیداواری صلاحیتوں میں شامل ہے۔
