چین کے مشرقی شہر شنگھائی میں منعقدہ ایک نمائش کے دوران ایک نمائش کنندہ لوگوں سے بات چیت کررہا ہے۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چینی حکام نے اعلان کیا ہے کہ اعلیٰ ٹیکنالوجی آلات اور خام مال، کچھ ادویات، طبی آلات اور حیاتیاتی مصنوعات جیسے خصوصی سامان کے لئے ہوائی اڈوں پر کسٹم کلیئرنس کا عمل تیز کیا جائے گا۔
جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز، قومی امیگریشن انتظامیہ اور چائنہ شہری ہوابازی انتظامیہ کے ایک مشترکہ بیان کے مطابق اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی فضائی نقل و حمل کی ترقی کو مزید فروغ دے کر تجارت اور اہلکاروں کے تبادلے میں سہولت مہیا کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ معیار پر پورا اترنے والے ہوائی اڈوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ کلیئرنس کا عمل تیز کرنے کے لئے "گرین چینلز” قائم کریں۔
دستاویز میں سامان کی کلیئرنس، مسافروں کی جانچ پڑتال، عوامی خدمات، ترسیل کے اخراجات اور اہم ہوائی اڈوں کی صلاحیت میں بہتری لانے سے متعلق 16 اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
اس سے سرحد پار ای کامرس کو فضائی نقل و حمل کی مدد سے فائدہ ہوگا جس میں معیار پر پورا اترنے والے سامان کو برآمد کے لئے مخصوص علاقوں میں رکھا جائے گا۔ غیر ملکی سیاحوں کے لئے ویزوں اور رابطہ پروازوں سے متعلق پالیسیاں بھی آسان کی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ائیر لائنز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ وہ مکمل طور پر مال بردار طیاروں کا استعمال بڑھائیں، اور باقاعدگی سے بین الاقوامی مال بردار راستوں میں اضافہ کرکے بین الاقوامی فضائی مال برداری کی گنجائش بڑھائیں۔
