چین کے دارالحکومت بیجنگ کے ضلع دونگ چھینگ میں لوگ ایک سینما میں ’’نی جا 2‘‘4ڈی میں دیکھتے ہوئے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چینی اینیمیٹڈ فلم ’’نی جا 2‘‘ کی ریلیز سے قبل فروخت سمیت دنیا بھر میں باکس آفس آمدن 13 ارب یوآن(تقریباً 1.8 ارب امریکی ڈالر) سے تجاوز کرگئی ہے۔
ٹکٹ پلیٹ فارمز کے مطابق بلاک بسٹر فلم متعدد شاندار ریکارڈز قائم کرکے سرخیوں میں ہے۔چینی نئے سال کے دوران اپنی ریلیز کے صرف 9 دن بعد 6 فروری کو یہ فلم چین کی اب تک کی سب سے زیادہ آمدن حاصل کرنے والی فلم بن گئی۔
چینی افسانوں کے مشہور دیوتا لڑکے کے کردار نہ جا کی کہانی پر مبنی یہ فلم بعد میں ایک ہی منڈی میں ایک ارب امریکی ڈالرحاصل کرنے والی پہلی فلم بن گئی۔اس کے بعد یہ باکس آفس کی 10 بہترین فلموں میں شامل ہو گئی اور اس نے عالمی سطح پر اب تک سب سے زیادہ آمدن حاصل کرنے والی فلم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
شاندار چینی فلم آسٹریلیا،نیوزی لینڈ اور شمالی امریکہ سمیت غیر ملکی منڈیوں میں بھی پیش کی جارہی ہے۔
فلم دیکھنے کے اہم سیزن بہار تہوار کی چھٹیوں کے اختتام کے باوجود ذرائع نے توقع کی ہے کہ فلم کی مقامی باکس آفس آمدن تقریباً 15 ارب یوآن تک پہنچ جائے گی۔
