کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف روس کے شہر ماسکو میں پریس کانفرنس کررہے ہیں-(شِنہوا)
ماسکو(شِنہوا)روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کسی تیسرے ملک میں ملاقات پراتفاق کیا ہے۔
یہ بات کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے مقامی میڈیا کو ایک انٹرویو میں بتائی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی ملاقات کے مقام کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ملاقات دونوں سربراہان مملکت کے دوروں کے تبادلے سے پہلے ہوگی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ سربراہ اجلاس کی تیاری کے لئے روس اور امریکہ کے درمیان آنے والے دنوں میں ٹیم کی سطح کا رابطہ قائم ہوجائے۔
ممکنہ امن مذاکرات کے بارے میں کریملن کے ترجمان نے کہا کہ یوکرین ایک خاص طریقے سے شرکت کرےگا۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کسی نہ کسی طریقے سے مذاکرات میں شرکت کرےگا۔ یقیناً روس اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ مذاکرات ہوں گے اور یوکرین بھی اس میں شامل ہوگا۔
دمتری پیسکوف نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں صدور نے یوکرین کے تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے اپنے ارادے کی تصدیق کی ہے۔
